ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ملائیشیائی وزیر اعظم  مآثر محمد  اپنے عہدہ سے مستعفی

ملائیشیائی وزیر اعظم  مآثر محمد  اپنے عہدہ سے مستعفی

Mon, 24 Feb 2020 17:40:05    S.O. News Service

 لندن،4 2/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مآثر محمد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ ملائیشیا کے بادشاہ کو بھجوا دیا ہے۔مآثر محمد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ ایسے وقت میں دیا ہے جب ملک میں سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکمراں اتحاد اس وقت خطرے میں پڑ گیا تھا جب ملائیشیا میں نئی حکومت کے قیام کے لیے حکومتی اتحاد اور اپوزیشن دھڑوں کے درمیان مذاکرات جاری تھے۔ان مذاکرات میں ملائیشین وزیرِ اعظم کے جانشین انور ابراہیم کو نامزد نہ کرنا ایجنڈے میں شامل تھا۔وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مآثر محمد کا استعفیٰ بادشاہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

مآثر محمد کی سیاسی جماعت کے سربراہ اور وزیرِ داخلہ محی الدین یاسین نے کہا ہے کہ اْن کی جماعت حکومتی اتحاد سے بھی الگ ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ انور ابراہیم مآثر محمد کی اتحادی جماعت کے سربراہ ہیں اور انہوں نے مآثر محمد کی سیاسی جماعت اور اپنی جماعت کے بعض رہنماؤں پر مخالف سیاسی جماعت کے ساتھ مل کر حکومت سازی کی کوشش کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ذرائع کے مطابق مآثر محمد اور انور ابراہیم کی پارٹی کے رہنما یونائیٹڈ ملائیاز نیشنل آرگنائزیشن (یو ایم این او) کے ساتھ حکومت سازی کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔ جس کے ایجنڈے میں ممکنہ طور پر مآثر محمد کو بطور وزیرِ اعظم پانچ سال پورے کرنے کا موقع دینا ہے۔

خیال رہے کہ 94 سالہ مآثر محمد اور 72 سالہ انور ابراہیم کے درمیان 2018 میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پایا تھا۔ جس کے تحت نصف مدت کے لیے انور ابراہیم کو وزارتِ عظمی ملنا تھی۔ لیکن انور ابراہیم پر کئی الزامات اور دیگر سیاسی اختلافات کے باعث یہ معاہدہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔مآثر محمد نے انور ابراہیم کی سیاسی جماعت کے ساتھ مل کر سابق وزیر نجیب رزاق کی جماعت کو انتخابات میں شکست دی تھی۔ جن پر اربوں روپے کی کرپشن الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔


Share: